پاکستان تحریک انصاف کے 25 ویں یوم تاسیس کے موقع پر وزیراعلی گلگت بلتستان خالد خورشید خان کا خصوصی پیغام

پاکستان تحریک انصاف کے 25 ویں یوم تاسیس کے موقع پر وزیراعلی گلگت بلتستان خالد خورشید خان کا خصوصی پیغام
پاکستان تحریک انصاف کے، کارکنان، یوتھ اور طلباء و طالبات، ہمدردوں اور ووٹروں کو پارٹی کا پچیسویں  یوم تاسیس پر خصوصی مبارک باد پیش کرتے ہیں۔ انصاف کی جس تحریک کو انصاف، انسانیت اور خوداری کے نعرے  کیساتھ 25 اپریل 1996 کو وزیراعظم عمران خان  نے شروع کی تھی وہ آج پورے ملک کے سیاسی، معاشی، معاشرتی نظام میں تبدیلی کا  مستقل ذریعہ بن چکی ہے۔ الحمد اللہ، آج ملک کے 3  اکائیوں اور وفاق میں تحریک  انصاف کی حکومتیں وزیراعظم عمران خان  کے ایجنڈے پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لئے نیکی نیتی اور خلوص دل کے ساتھ مصروف عمل ہیں۔  وزیراعظم عمران خان  نے اپنے کامل یقین،انتہائی  سخت محنت اور  پختہ ارادے کے بدولت ہی  تحریک  انصاف کو اس مقام پر پہنچایا۔ اس کے ساتھ لاکھوں کارکنان کی اپنے کپتان کے  ویژن کیساتھ وفاداری  اور اس کے لئے انکی کوششوں کا ثمر ہے کہ آج یہ تحریک ملک کی سب سے بڑی منتخب جماعت ہے اور مملکت خداداد پاکستان  کو ریاست مدینہ کے سنہری اصولوں، علامہ اقبال کے تصور اور قائد اعظم محمد علی جناح  کے فرامین کے عین مطابق ایک جدید  اسلامی  فلاحی ریاست بنانے کے لئے کوشاں ہیں۔ الحمداللہ، گلگت بلتستان  کے عوام نے بھی جناب وزیراعظم عمران خان  کے ویژن پر لبیک کہتے ہوئے پی ٹی آئی کو بھاری مینڈیٹ دیا اور  پچھلے سال ہماری حکومت معرض وجود میں آئی۔ گلگت بلتستان کی عوام کا پی ٹی آئی پر اعتماد  ہمارے لئے ایک سنہری موقع ہے کہ ہم  یہاں وزیراعظم عمران خان  کے تبدیلی کے نعرے کو حقیقی معنوں میں عملی جامع  پہنا کر طرز  حکمرانی کے وہ  بلند معیار قائم کریں جو پورے ملک کے لئے ایک رول ماڈل ہوں۔ ہم وہ نظام بناکر دیں جو یہاں بسنے والے ہر انسان بالخصوص  غریب اور کمزور طبقے کی فلاح یقینی بنائے۔پی ٹی آئی کے تمام ذمہ داران و کارکنان اپنی حکومت کا دست بازو بنیں، اس اہم مشن کی تکمیل میں اپنا حصہ ڈالیں اور انصاف کے نظریہ، میرٹ اور شفافیت کی پالیسی پر عملدرآمد  کی نگہبانی کریں۔ اللہ تعالی  اس اہم مقصد کے حصول میں ہمارا حامی و ناصر ہو۔ آمین